نئی دہلی،12؍اگست (ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے 2024ء تک ملک کے ہر خاندان کو”نل سے پانی“مہیا کرنے کے منصوبے کے تحت اب تک پانچ کروڑ خاندانوں کو اس کا فائدہ حاصل ہوچکا ہے۔
مودی نے پچھلے سال 15/اگست کو لال قلعہ کی فصیل سے ملک کے تمام 19کروڑ گھروں کو”نل سے پانی“ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد حکومت نے اس مقصد کو حاصل کرنے کے لئے مشن موڈ پر کام کرنا شروع کردیا۔
کووِڈ 19کے پھیلنے کی وجہ سے اس کام کی رفتارکچھ متاثر ہوئی لیکن جیسے ہی لاک ڈاؤن میں نرمی دی گئی، اس کام نے پھرسے رفتار پکڑ لی۔
کوئی بھی خاندان اس اسکیم سے محروم نہ رہے، اس لئے یہ کام گاؤں کی سطح پر کیا جارہا ہے اور اس پر نظر رکھی جارہی ہے۔حکومت کا کہنا ہے کہ اب تک ملک میں 18 کروڑ 93لاکھ 30ہزار 879گھروں میں سے 4کروڑ 94لاکھ 63ہزار 297گھروں کو اس اسکیم سے جوڑا گیا ہے، جس میں 66 لاکھ 21ہزار 821گھروں تک نل سے پانی پہنچانے کے سلسلے میں گجرات پہلے نمبر پر رہا، جبکہ مہاراشٹر 53/لاکھ 88ہزار 428گھروں کو یہ سہولت فراہم کرنے کے معاملے میں دوسرے مقام پر ہے۔
سبھی ریاستوں میں گھروں کی تعداد مختلف ہے اور فیصد کے لحاظ سے پنجاب، ہریانہ اور ہماچل پردیش سب سے آگے ہیں۔پروجیکٹ سے وابستہ ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس کام کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی اور کووِڈ۔19 کے باعث بے روزگار ہوئے ہنر مند اور غیر ہنر مند مزدوروں کو اس منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں روزگار فراہم کرایا جائے گا۔
اس اسکیم سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور ان کی پریشانیوں کا نپٹارہ ہوجائے گا، جبکہ گاؤں کے لوگوں کو پینے کا پانی بھی مل سکے گا۔اس افسر نے کہا کہ مسٹر مودی کے اعلان کے بعد سے ہی اس سمت میں تیزی سے کام جاری رہا ہے۔
’جل جیون مشن‘کے اعلان کے بعد 25 دسمبر تک اس سلسلے میں کام پر عملدرآمد کے سلسلے میں ہدایات جاری کی گئیں۔ دیہی علاقوں میں ہر گھر کو اس اسکیم سے فائدہ حاصل ہو اور غلطی سے کوئی کنبہ محروم نہ رہ جائے، لہٰذا گاؤں کی سطح پر واٹر کمیٹیاں تشکیل دی گئیں، جس میں 50 فیصد خواتین ممبران کو جگہ دی گئی تھی۔ مشن کی تکمیل میں کوئی کمی نہ رہے اس کے لئے گاؤں کی سطح پر دیہی ایکشن پلان تیار کیا گیا ہے۔
افسر کا کہنا ہے کہ گاؤں میں نلوں سے پانی حاصل کرنے کا کام پہلے ہی چل رہا تھا، لیکن اس کی رفتار کافی سست تھی لیکن جیسے ہی وزیر اعظم نے اس پروجیکٹ کا اعلان کیا تو ابتدائی سات ماہ کے دوران 85 /لاکھ گھروں کو نل سے پانی پہنچایا گیا۔ کووِڈ۔19 کی وجہ سے رواں سال اپریل اور مئی میں پروجیکٹ کا کام متاثر ہوا تھا،لیکن لاک ڈاؤن کھلتے ہی اس پر تیزی سے کام شروع کردیا گیا تھا اور اس کے پہلے مرحلے کے تحت 85 /لاکھ گھروں تک نل سے پانی پہنچانے کا کام مکمل کیا گیا تھا اور 10 /اگست تک یہ تعداد بڑھ کر 88 /لاکھ ہوگئی۔